فیلڈمارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات

اکستان کے دورے پر آئے ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی شریک تھے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ آج وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو روانہ ہو جائے گا، جہاں مزید سفارتی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی روشنی میں امریکی حکام کو بھی آگاہ کیا جائے گا، جبکہ امریکی وفد کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے وقت کا ابھی حتمی تعین نہیں ہوا، تاہم مسقط اور ماسکو کے دوروں کے بعد مجموعی صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔