پنجگور (ویب ڈیسک) پنجگور کے سرحدی علاقے پروم میں ایک انتائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک دور افتادہ مقام سے چار نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ لاشیں ملنے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے بعد لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کے جسموں پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں، تاہم قتل کی وجوہات اور لاشوں کی شناخت کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ لیویز حکام نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف پہلوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جن میں اغوا کے بعد قتل اور ذاتی دشمنی سمیت دیگر محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی مکینوں نے اس لرزہ خیز واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنا کر ملوث مجرمان کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہ سکے۔
پنجگور کے سرحدی علاقے پروم سے 4 افراد کی لاشیں برآمد، شناخت نہیں ہوسکی
