کوئٹہ میں دو روز بعد پھر موبائل انٹرنیٹ بند، شٹر ڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال سے نظامِ زندگی مفلوج

کوئٹہ(ویب ڈیسک)کوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر اچانک موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی، جس کے باعث شہریوں، تاجروں اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ بندش دو روز بعد دوبارہ عمل میں لائی گئی ہے، جس سے روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دی گئی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔ ایسے میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث آن لائن کاروبار، بینکاری، تعلیمی سرگرمیاں اور رابطے کا نظام متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔ تاہم موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں حالیہ دنوں کے دوران سکیورٹی صورتحال اور سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں متعدد بار انٹرنیٹ سروس معطل کی جا چکی ہے، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔