کوئٹہ پولیس نے کوکین، خضدار میں کسٹمز نے آئس برآمد کرلی، مالیت کروڑوں روپے، 3 افراد گرفتار

پولیس کسٹمز

ماخذ: آئی این پی

کوئٹہ، خضدار (آئی این پی، نامہ نگار) کوئٹہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کوکین کی بھاری مقدار برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ شہید امیر دستی کی پولیس ٹیم نے ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا مندوخیل کی زیر نگرانی، ایس پی صدر شفق جنجوعہ، ایس ڈی پی او صدر شوکت جدون اور ایس ایچ او تھانہ شہید امیر دستی امان اللہ سلیمان خیل کی قیادت میں کارروائی عمل میں لائی کارروائی کے دوران پولیس نے سفید رنگ کی گاڑی نمبر AAJS-764 میں سفر کرنے والے ملزم نذر محمد ولد پانے محمد، قوم نورزئی، سکنہ خروٹ آباد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے کوکین کے 12 پیکٹس برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 12 ہزار 500 گرام ہے۔پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونے والی کوکین کی مالیت غیر قانونی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ واقعے کا مقدمہ فرد نمبر 14826 بجرم 9(1)7-D منشیات ایکٹ کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ علاوہ ازیں پاکستان کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن خضدار نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایم ایٹ روڈ پر چیک پوسٹ سورگز کے مقام پر پنجگور سے لاڑکانہ جانے والی مسافر کوچ سے تقریباً 2 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) برآمد کرلی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 13 کروڑ 66 لاکھ روپے بتائی گئی ہے تفصیلات کے مطابق 26 نومبر 2026 کو چیف کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کی ہدایات پر حساس اور ممکنہ اسمگلنگ کے راستوں پر نگرانی مزید سخت کرتے ہوئے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن خضدار کے عملے نے چیک پوسٹ سورگز پر ایک مسافر کوچ کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران کوچ کے سامان رکھنے والے حصے میں ایک ٹوکری سے پلاسٹک میں لپٹے دو پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں تقریباً دو کلوگرام مشتبہ آئس موجود تھی۔دورانِ تحقیقات کوچ کے کنڈکٹر نے دو مسافروں کی نشاندہی کی، جنہوں نے پنجگور سے سفر شروع کیا تھا اور مبینہ طور پر مذکورہ ٹوکری ان کے سامان میں شامل تھی۔ دونوں مسافروں کو مزید تحقیقات کے لیے اتار لیا گیا، جبکہ کنڈکٹر کو بطور گواہ شامل کیا گیا کسٹمز حکام کے مطابق برآمد شدہ منشیات کو اسٹیٹ ویئر ہاﺅس خضدار میں جمع کرادیا گیا ہے، جبکہ کیمیائی تصدیق کے لیے نمونے متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ متعلقہ قوانین کے تحت درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔