ماخذ: آئی این پی
قلعہ عبداللہ (آئی این پی) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ژوب رینج کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس قلعہ عبداللہ نے ضلع بھر بالخصوص کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر پولیس گشت، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ ایس پی قلعہ عبداللہ خلیل احمد بگٹی کی نگرانی میں پولیس افسران اور جوان قومی شاہراہ کے حساس مقامات پر رات کے وقت مسلسل گشت اور چیکنگ کررہے ہیں۔ اس دوران مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور افراد کی کڑی نگرانی کے ساتھ گاڑیوں کی تلاشی، دستاویزات اور ضروری کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کی نقل و حرکت کی موثر نگرانی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی پیشگی روک تھام، امن و امان کا قیام اور مسافروں سمیت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر ایس پی قلعہ عبداللہ خلیل احمد بگٹی نے واضح کیا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ قومی شاہراہ سمیت ضلع کے تمام اہم اور حساس مقامات پر سیکورٹی اقدامات مزید موثر بنائے جائیں گے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس قلعہ عبداللہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر پولیس کے ساتھ تعاون کریں، اپنی شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اہلکار یا متعلقہ تھانے کو دیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس قلعہ عبداللہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دے رہی ہے۔
