کوئٹہ میونسپل کارپوریشن میں 2015 سے اب تک مبینہ غیر قانونی بھرتیاں، اینٹی کرپشن نے ریکارڈ طلب کرلیا

کوئٹہ میونسپل کارپوریشن

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ(این این آئی) ڈائریکٹوریٹ آف انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے کوئٹہ میونسپل کارپوریشن میں 2015 سے اب تک ہونے والی مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی باقاعدہ انکوائری شروع کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر سے بھرتیوں سے متعلق اہم ریکارڈ اور دستاویزات طلب کرلی ہیں۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ مصدقہ ریکارڈ سات روز کے اندر فراہم کیا جائے تاکہ انکوائری کی کارروائی قانون کے مطابق مکمل کی جاسکے۔مراسلے کے مطابق میونسپل کارپوریشن میں 2015 سے اب تک بھرتی ہونے والے ملازمین کی مجموعی تعداد، ان کے عہدوں اور بنیادی پے اسکیل (بی پی ایس) کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، جبکہ منظور شدہ آسامیوں کی تعداد اور بھرتیوں سے قبل حاصل کردہ انتظامی منظوریوں کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اینٹی کرپشن نے بھرتی کے لیے قائم سلیکشن و ریکروٹمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کے نوٹیفکیشنز، کمیٹی اجلاسوں کے دستخط شدہ منٹس، اہل اور نااہل قرار دیے گئے امیدواروں کی فہرستیں اور تقرریوں کے لیے مجاز اتھارٹی کی حتمی منظوریوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔اس کے علاوہ بھرتیوں سے متعلق اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات، تقرری کے معیار اور بھرتی ہونے والے ملازمین کے جوائننگ ریکارڈ کی مصدقہ نقول بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔