اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
راولپنڈی (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں کے پی کی سیکورٹی صورتحال، انسداد دہشتگردی کارروائیوں اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ کے پی میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کےلئے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے، دہشتگردی کے خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کےلئے مسلسل چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگرد جہاں بھی ہوں گے بھرپور ضرب لگائیں گے، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کیخلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے، عوام کی حمایت سے پاکستان دہشتگردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔
