ماخذ: این این آئی
واشک/ اسلام آباد/ ڈیرہ بگٹی (این این آئی)بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دور ان 5 دہشتگرد ہلاک اورچار زخمی ہوگئے ۔ بدھ کو سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا ہے، برآمد شدہ سامان میں آر پی جی7 ، 5 گولے، میگزینز سمیت 5 جدید ہتھیار،3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، ہلاک دہشت گرد بلوچ عوام کو لوٹنے، خوف وہراس پھیلانے اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔ سیکورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایک اور واقعے میں ڈیرہ بگٹی میں پولیس اور ایف سی نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 80کلو گرام وزنی دھماکہ خیزمواد ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم دہشت گردوں نے ایک ڈبے میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے سڑک کے کنارے رکھا ہوا تھا مشکوک چیز کی اطلاع ملنے پر پولیس، ایف سی اور بم ڈسپوزل کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل کے عملے نے ڈبے میں موجود 80کلو گرام دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیکر ناکارہ بنادیا جو نامعلوم دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے اڑانے کیلئے نصب کررکھا تھا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔
