کوئٹہ( یو این اے) خروٹ آباد کے علاقے میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک شخص اپنے ہی سگے بھائی کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا، تاہم پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم کو انتہائی مختصر وقت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہےپولیس کے مطابق خروٹ آباد کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ایس آئی/ایس ایچ او احسان اللہ مروت نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا اور موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ ابتدائی معلومات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر پولیس نے واقعے میں ملوث مبینہ ملزم کی تلاش شروع کردی پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر سامنے آنے والی معلومات کے تحت ملزم نعمت اللہ نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے سگے بھائی حکمت اللہ کو قتل کردیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ پولیس نے فوری طور پر علاقے کو اپنی تحویل میں لے کر ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی خروٹ آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم نعمت اللہ کو صرف 20 منٹ کے اندر گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول بھی برآمد ہوا، جسے مبینہ طور پر واردات میں استعمال کیا گیا تھا پولیس نے اسلحہ اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے، علاوہ ازیں جھل مگسی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا نعش ہسپتال منتقل کردی گئی تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جھل مگسی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے نعش ہسپتال منتقل کردی گئی جس کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔
کوئٹہ میں بھائی کے ہاتھوں بھائی ہلاک، جھل مگسی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
