رمشا خان اپنی شادی کے بعد شوبز اور سوشل میڈیا سے غائب ہوگئیں

رمشا خان

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ رمشا خان گزشتہ کئی ماہ سے شوبز اور سوشل میڈیا کی دنیا سے تقریباً مکمل طور پر غائب ہیں۔ شادی کے بعد ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں کمی اور پھر انسٹاگرام اکاﺅنٹ کے غائب ہونے پر مداحوں کی جانب سے مختلف سوالات کیے جا رہے تھے، تاہم اب ان کے قریبی ذرائع سے سامنے آنے والی باتوں نے صورتِ حال کافی حد تک واضح کردی ہے۔ رمشا خان نے رواں برس اپریل میں ساتھی اداکار خوشحال خان سے شادی کی تھی۔ دونوں نے ابتدا میں اپنی شادی کو نجی رکھنے کی کوشش کی، لیکن بعد میں ان کے نکاح کی مبینہ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آگئیں۔ اس واقعے کے بعد رمشا نے سوشل میڈیا پیجز کو اپنی نجی زندگی کو شہرت حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنے پر سخت ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔ شادی کے بعد رمشا نے اپنا انسٹاگرام اکاﺅنٹ بھی ڈیلیٹ یا ممکنہ طور پر ڈی ایکٹیویٹ کردیا اور خود کو عوامی توجہ سے مزید دور کرلیا۔ گزشتہ دنوں ان کی بہن علیشا خان کی شادی کی تقریبات ہوئیں تو رمشا کی غیر موجودگی نے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔