صدر مملکت نے ججز تقرری کی منظوری دیدی، بلوچستان ہائیکورٹ کیلئے تین ایڈیشنل ججز کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی توثیق کی منظوری دے دی۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور، سندھ اور پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی۔ صدر مملکت نے اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری کے علاوہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹ کے بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری بھی دی۔ صدر پاکستان نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہیں، الاﺅنسز، پنشن وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی بھی منظوری دی، ہائیکورٹ ججز کے رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ صدر مملکت نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارتِ قانون و انصاف نے بلوچستان ہائیکورٹ میں تین ایڈیشنل ججز کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد رﺅف عطا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، اللہ داد روشن ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج، اور عبدالقیوم لہڑی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کو بلوچستان ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔ تقرری ایک سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے، جس کا اطلاق متعلقہ ججز کے حلف اٹھانے کی تاریخ سے ہوگا۔ تینوں ججز کی تقرری پانچ خالی اسامیوں کے تناظر میں کی گئی ہے، جبکہ باقی دو نشستوں پر فی الحال تقرری نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ تقرریوں کی سفارش گزشتہ ماہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کی تھی، جس کے بعد صدرِ پاکستان کی منظوری سے وزارت قانون و انصاف نے آج 11 اگست 2026 کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔