ہنہ اوڑک ولی تنگی میں ایک اور نوجوان شہید، قبائل اور لواحقین نے احتجاجاً شاہراہ بند کردی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے سیاحتی اور وادی ہنہ اوڑک کے ایک اور نڈر نوجوان ریاض کاکڑ کو ولی تنگی دوا رود کے مقام پر شہید کر دیا گیا ہے۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد سے قبائل اور ورثا کی جانب سے شہید کی لاش کی حوالگی تک تدفین سے انکار کرتے ہوئے ہنہ تھانے اور ایف سی ہیڈ کوارٹر کے سامنے شدید احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین کا دو ٹوک موقف ہے کہ خطے میں ریاستی رٹ مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے اور بے گناہ شہریوں کا خون بہنا اب ناقابل برداشت ہے۔ ہنہ تھانے اور ایف سی ہیڈ کوارٹر کے سامنے سراپا احتجاج قبائل کا مطالبہ ہے کہ محض زبانی جمع خرچ یا وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، علاقے کو دہشت گردوں سے مستقل طور پر پاک کیا جائے اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ جب تک ریاست اپنی رٹ ثابت کرتے ہوئے عملی اور پائیدار سیکورٹی کی ضمانت فراہم نہیں کرتی، تب تک عوام کا یہ احتجاجی سلسلہ یوں ہی جاری رہے گا۔