ڈیرہ مراد جمالی، گھریلو تنازعہ پر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا، بھاگ اور کوئٹہ میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، اوستہ محمد نہر سے 8 سالہ لڑکے کی لاش برآمد

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے کچی پھاٹک کے قریب گھریلو تنازعہ پر بیٹے نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے والد کو قتل کردیا، واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسرے واقعے میں بھاگ سے کوئٹہ جانے والی مسافر ویگن سے عارف علی نامی نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے اتار کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، قتل کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے لنک روڈ ہزارگنجی روڈ ازبک بازار کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے گاہی خان چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ چھیپا ویلفیئر بلوچستان کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ علی احمد ولد سلطان، قوم ابابکی کے نام سے ہوئی ہے۔ دریں اثناءاوستا محمد کے نواحی علاقے میں گزشتہ دو روز سے لاپتہ 8 سالہ بچے کی نہر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس اور خاندانی ذرائع کے مطابق، گوٹھ میر چاکر خان جمالی کے رہائشی 8 سالہ محمد یاسین ولد نور محمد، قوم برڑو دو روز قبل گھر سے لاپتا ہوگیا تھا،لاش اوستا محمد کے قریب واقع ‘ہدیرو شاخ (نہر) میں تیرتی ہوئی پائی گئی۔ پولیس نے نہر سے لاش نکال کر اپنی تحویل میں لیکر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی