سردار یار محمد رند نے بی ایل اے کے 18 افراد تحویل میں لے کر اپنے مغوی چھڑا لیے،وزیراعلی کی تعریف

کوئٹہ (این این آئی) سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ قبائلی رہنما سردار یار محمد رند نے تین ماہ تک جاری رہنے والی اعصابی جنگ کے بعد بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ہربیار مری گروپ سے رند اور لاشاری قبائل کے پانچ مغویوں کو بازیاب کروا لیا حامد میر کے مطابق تقریباً تین ماہ قبل بی ایل اے نے رند قبیلے کے علاقے سے تین رند اور دو لاشاری افراد کو اغوا کرکے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم سردار یار محمد رند نے تاوان ادا کرنے کے بجائے حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے پہاڑی علاقوں سے بی ایل اے کے 18 افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ان کے بقول اس قبائلی حکمت عملی اور دباؤ کے نتیجے میں مغویوں کی رہائی ممکن ہوئی اور پانچوں افراد کو بازیاب کروا لیا گیا دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس پیش رفت پر اپنے ردعمل میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ انہیں اپنے بزرگ اور بڑے سردار یار محمد رند کے اس اقدام پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی نظام کی یہی طاقت ہے کہ اپنی اقوام اور برادر اقوام، چاہے وہ بلوچ ہوں یا نہ ہوں، ان کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سردار یار محمد رند نے اپنی قوم کے لیے جو اقدام اٹھایا وہ قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تمام سرداروں اور قبائل کو اس طرز عمل کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ بھارت کی مبینہ پراکسی تنظیم بی ایل اے کو بلوچستان میں قدم جمانے کی کوئی جگہ نہ مل سکے۔