نوشکی میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، کوئٹہ میں تین افراد کے قتل میں نامزد ملزم کی پنجاب میں ہلاکت کی اطلاع

بارکھان لاشیں برآمد، پولیس

ماخذ: یو این اے

نوشکی، کوئٹہ (یو این اے )نوشکی کے علاقے کیشنگی میں گزشتہ شب مہاجرین کو لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد افغان مہاجرین بتائے جاتے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔تاہم فائرنگ کے واقعے کی وجوہات، حملہ آوروں کی شناخت اور زخمیوں کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے پود گلی چوک میں تقریبا ایک ماہ قبل پیش آنے والے فائرنگ کے المناک واقعے میں تین افراد کے قتل کا نامزد مرکزی ملزم محمد ہاشم پنجاب میں مارے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔یاد رہے کہ فائرنگ کے واقعے میں حاجی صادق، ان کے دو بیٹے عبدالباسط اور حسیب جاں بحق جبکہ ان کے بھائی منظور احمد شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اس افسوسناک واقعے نے ایک پورے خاندان کو غم میں مبتلا کر دیا تھا۔اطلاعات کے مطابق حاجی صادق خاندان کے 28 افراد کے کفیل تھے، ان کی شہادت سے 28 افراد اپنے واحد سہارے سے محروم ہوگئے۔تاہم پنجاب میں نامزد مرکزی ملزم محمد ہاشم کی ہلاکت سے متعلق اطلاعات کی سرکاری سطح پر تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔