نوشکی، مستونگ، لورالائی سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ کردیے، سیکورٹی ذرائع

سرچ آپریشن

ماخذ: آن لائن

کوئٹہ (آن لائن) سیکورٹی فور سز نے آپریشن رد الفتنہ تھری کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں نوشکی ، لورالائی ،مستونگ ،ڈیگاری اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے 9 دہشت گردوں کے چھپنے اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی سرنگیں ناکارہ بنادیں ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے عملے نے گزشتہ دنوں نوشکی کے علاقے مل ایریا میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ اسی طرح بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پونگا پل کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا اسی طرح ایک اور کارروائی میں ڈیگاری اور کوہ مردار کے علاقے میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس کے علاوہ سیکورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقے وادی کرم میں مقصود آباد، گل جان بغداد اور صادق باغ کے علاقوں میں مکمل کنٹرول قائم کرنے کیلئے آپریشن کے دوران 9 سرنگیں دریافت کیں جنہیں دہشت گرد چھپنے اسلحہ ، گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لئے استعمال کرتے تھے انہیں تباہ کرکے سرنگوں کی تلاشی اور کلیئرنس کے دوران 11 دیسی ساختہ بم آئی ای ڈیز برآمد کرکے قبضے میں لے لئے ان کارروائیوں کو مقامی لوگوں نے نہ صرف سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا بلکہ سرنگوں کی نشاندہی کرنے میں بھی مدد فراہم کی مزید دہشت گردوں کیخلاف کارروائی جاری ہے۔