گوادر سے کوئٹہ تک مسلح جتھے مسافروں سے لوٹ مار، تاجروں سے بھتے وصول کررہے ہیں، رکن بلوچستان اسمبلی

رحمت صالح بلوچ

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز کے عدم تحفظ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ نیشنل پارٹی کے رکن رحمت صالح بلوچ نے بلوچستان اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر 12 مقامات پر مسلح جتھے ہیں جو لوگوں سے بھتے وصول کررہے ہیں، وہ تمام گاڑی والوں کو ڈنڈے کے زور پر لوٹتے ہیں۔ پبلک بس جو کراچی، پنجگور آتے ہیں ان سے بھتہ لیا جاتا ہے، جو بس کوئٹہ، گوادر، تربت جاتے ہیں ان سے بھتہ لیا جاتا ہے، میں سوال کرتا ہوں کہ آخر یہ کس کے بندے ہیں، کس کی پشت پناہی ان کو حاصل ہے کہ اتنی دیدہ دلیری سے عام لوگوں کو لوٹتے ہیں اور مسلح کھڑے ہیں۔ مجھے ٹرانسپورٹرز فون کررہے ہیں کہ آخر ہم لوگ کیا کریں۔ حکومت نے ڈی سی صاحبان کو ایسا بے اختیار کیا کہ وہ اپنے دفتر سے خود نہیں نکل سکتے، وہ ڈی پی او کے محتاج ہیں کہ ہمیں دو سپاہی دے دیں۔ یہ لوگ کون ہیں جو عوام پرظلم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واشک اور وڈھ کے اضلاع کے ڈی سیز کو بلایا جائے ایک نہیں درجن بھر مقامات پر لوگوں سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے، آئی جی کو طلب کیا جائے۔ اگر وزیر داخلہ صاحب کے پاس اختیار ہے تو اس کا نوٹس لیں ورنہ تو عوام کا اللہ ہی حافظ ہے۔