ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی کے درمیان طویل مذاکرات کی کامیابی کے بعد قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی میں جاری دھرنا ختم کر کے شاہراہ کو تمام قسم کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ حکومتی وفد جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ شامل تھے نے دھرنا کمیٹی کے رہنماﺅں کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کیے اور ان کے تمام جائز مطالبات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت تمام مسائل کا حل باہمی گفتگو کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھرنا شرکا کے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو فوری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں امن و امان کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام طبقات کو مل کر سیکورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا۔
