لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی ریکی کی کوشش، پولیس نے ڈرون قبضے میں لے لیا

لاہور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی ریکی

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور میں کاﺅنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے ڈرون ٹکرا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے بذریعہ ریموٹ کنٹرول سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب ڈرون بھیجا تھا۔ ڈرون جلو موڑ کی طرف سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب آیا اور ہیڈ کوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گرگیا، سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی سیکورٹی ٹیم نے ڈرون قبضے میں لے لیا۔ نامعلوم ملزمان نے حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دہشت گردی کی خاطر سرویلنس کی اور عمارت کو نقصان پہنچایا۔ ڈرون کی مدد سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے اندرونی حصوں کی ریکی کی جارہی تھی۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کے معائنے کے بعد کلیئرنس دے دی ہے جبکہ معاملے کی تمام پہلوﺅں سے تحقیقات جاری ہیں۔