امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے فرانسیسی ایئر لائن ایئر فرانس اور نیدر لینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 425,000 امریکی ڈالر (11 کروڑ 75 لاکھ 25 ہزار روپے) کا جرمانہ عائد کردیا۔ دونوں ایئر لائنز پر عراق کی فضائی حدود ”بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن“ میں 32000 فٹ سے کم بلندی پر اڑان بھرنے کا الزام ہے۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سیکورٹی خطرات پر امریکی ایئر لائنز کی پروازوں پر یہ پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ایئر فرانس اور کے ایل ایم کی یہ پروازیں چونکہ امریکی ایئر لائن ڈیلٹا ایئر سے مشترکہ معاہدے کے تحت کوڈ شیئر کے تحت چلائی جا رہی ہیں، اس لیے قانون کے مطابق اگر کوئی بھی ایئر لائن امریکی ایئر لائن سےکوڈ شیئر پرواز چلاتی ہے تو اس پر امریکی حفاظتی قوانین کا اطلاق لازمی ہوتا ہے۔ اس خلاف ورزی کا دورانیہ سال 2022 سے 2025 کے درمیان ہے۔ امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئر فرانس کی 30 سے زائد اور کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔ کے ایل ایم پر 320,000 اور ایئر فرانس پر 105,000 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ دونوں ایئر لائنز کو مجموعی رقم میں سے 265,000 اگلے 60 دنوں کے اندر ادا کرنے ہوں گے جبکہ باقی رقم اس صورت میں معاف ہوسکتی ہے اگر اگلے ایک سال کے دوران انہوں نے دوبارہ ایسی کوئی خلاف ورزی نہ کی۔دونوں ایئر لائنز نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ ریگولیٹری قوانین کی پاسداری کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور وضاحت کی کہ متعلقہ پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباﺅ کے باعث عراقی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے ان کے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا اوپر نہ جانے کی براہ راست ہدایات دیں، جن پر عمل کرنا فلائٹ کی حفاظت کے لیے ضروری تھا۔
امریکا کا عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر فرانس اور نیدر لینڈ کی ایئر لائنز پر لاکھوں ڈالر جرمانہ
