گوادر میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام، بلوچستان کی ترقی اور امن سبوتاژ کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، شاہد رند

شاہد رند

ماخذ: آئی این پی

کوئٹہ (آئی این پی) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریبی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر ترقی کا سفر روکنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانا سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سیکورٹی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر صوبے کی تعمیر و ترقی کے سفر کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ترقی اور خوشحالی کیخلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جاتا رہے گا۔ سیکورٹی فورسز کا عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام ہیں کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمن اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکیں گے۔ شاہد رند نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔