طلبہ تنظیم کی جانب سے اساتذہ کو دھمکیاں دینا قابل مذمت ہے، اکیڈمک اسٹاف جامعہ بلوچستان

جامعہ بلوچستان

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ (این این آئی) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان نے ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے شعبہ سائیکالوجی کے انچارج اور دیگر اساتذہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے، بدتمیزی اور گالم گلوچ کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا وقار اور بنیادی ستون ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں دھمکانا، ہراساں کرنا یا ان کے ساتھ غیر مہذب رویہ اختیار کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اساتذہ کے تحفظ، عزت اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور ایسے واقعات کے تدارک کے لیے واضح پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔ ایسوسی ایشن نے متعلقہ طلبہ تنظیم کی قیادت اور متعلقہ سیاسی جماعت کے اعلیٰ عہدیداران سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو اساتذہ کے ساتھ نامناسب، غیر اخلاقی اور توہین آمیز رویے سے سختی سے روکیں اور تعلیمی ماحول کو خراب کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ اساتذہ کے تحفظ، عزت اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر ایسے واقعات کی روک تھام اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات نہ کیے گئے تو اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اساتذہ کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے بھرپور اور عملی جدوجہد کا حق محفوظ رکھتی ہے۔