گوادر اور قلات میں فورسز کے آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، بارودی سرنگ پھٹنے سے میجر شہید، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

راولپنڈی، کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں سیکورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک ک دیا جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے، کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آئی ای ڈی کے دھماکے میں میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید میجر وجاہت وحید کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔