ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) مستونگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر وین سے 20 تربیتی پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا پولیس اور سیکورٹی فورسز نے واقعہ کے بعد ان کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قلات ریکروٹمنٹ ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت 20 پولیس اہلکار ہفتہ وار چھٹی پر وین میں اپنے گھروں کو جارہے تھے کہ مستونگ کے علاقے گرگینہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو روک کر 20 اہلکاروں کو اغوا کرلیا، پولیس کے سینئر آفیسر نے بتایا کہ گرگینہ کے مقام پر لنک روڈ پر پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی، پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اغوا ہونے والے اہلکاروں کا تعلق رخشان ڈویژن کے علاقوں خاران، نوشکی، چاغی اور واشک سے ہے، جو لیویز سے پولیس میں انضمام کے بعد قلات ریکروٹمنٹ ٹریننگ سینٹر میں کورس کررہے تھے۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل رخشان ڈویژن کے کمشنر اسد اللہ کاکڑ کو ڈرائیور اور گاڑی سمیت اغواءکیا گیا تھا جو تا حال بازیاب نہیں ہوسکے۔
