ماخذ: آن لائن
کوئٹہ (آن لائن) سیکورٹی فورسز نے آپریشن رد الفتنہ تھری کے تحت واشک اور کیچ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فضائی نگرانی کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکر 11 دہشت گردوں کو ہلاک، 4 کو زخمی کردیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں آر پی جی سیون کے گولے ، جدید ہتھیار، موبائل فون، موٹر سائیکلیں برآمد کرکے قبضے میں لے لیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کے عملے نے دہشت گردوں کی موجودگی کی فضائی نگرانی کرنے کے بعد موثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکر 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ ایمونیشن اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ اسی طرح فورسز کے عملے نے واشک کے علاقے پلانتک کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران عوام کو لوٹنے اور خوف و ہراس پھیلانے، انفراسٹکچر کو نقصان پہنچانے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کارروائی اور کیو آر ایف نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے جن کے قبضے سے آر پی جی سیون کے 5 گولے ، 5 میگزین ، جدید ہتھیار ، موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں، اسلحہ گولہ بارود برآمد کرلیا برآمد ہونے والا اسلحہ ، گولہ بارود عوام کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا جانا تھا سیکورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن رد الفتنہ تھری کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کارروائیاں بدستور جاری ہے۔
