ماخذ: یو این اے
وندر، کوہلو، دکی(یو این اے)وندر کے ساحلی علاقے ڈام بندر لنک روڈ پر میانی سمندر کے قریب سڑک کنارے سے 1 نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد ہونے والی لاش ڈام بندر کے رہائشی نوجوان شہباز ولد عبدالستار کی بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تاہم واقعے کی مزید تفصیلات اور موت کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں کوہلو اور بارکھان کے سرحدی علاقے بالا ڈھاکہ سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فورا موقع پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔ ایس ایچ او گرسنی کے مطابق برآمد کی جانے والی دونوں لاشوں کو ان کی شناخت اور قانونی و ضابطے کی مزید کارروائی انجام دینے کے لیے بارکھان پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف زاوئیوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ دریں اثناءدکی کے علاقے غریب آباد میں گھر کے اندر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بھائی کی فائرنگ کے نتیجے میں اس کا اپنا بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ حبیب الرحمن ولد عبدالسلام قوم ترین کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
