ڈیرہ بگٹی، 20 سال سے فراری کمانڈر نے 60 ساتھیوں سمیت سرفراز بگٹی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے

ڈیرہ بگٹی، فراری فرار کمانڈر

ماخذ: یو این اے

ڈیرہ بگٹی (یو این اے) ڈیرہ بگٹی کے علاقے پاکستان ہاﺅس سوئی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گزشتہ 20 سال سے پہاڑوں میں روپوش فراری کمانڈر نور خان بگٹی اپنے ساتھیوں سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے سرنڈر ہوگئے۔ فراری کمانڈر اور ان کے ساتھیوں نے باضابطہ طور پر اپنے ہتھیار ڈال دیے اور پاکستان سے وفاداری کا حلف اٹھا کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق فراری کمانڈر نور خان بگٹی اپنے خاندان سمیت مجموعی طور پر 60 افراد کے ہمراہ سرنڈر ہوئے ہیں۔ نور خان بگٹی ماضی میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، تاہم اب سرنڈر کرنے والے فراری کمانڈر اپنے خاندان سمیت سوئی میں آباد ہوں گے۔ ڈیرہ بگٹی میں ہونے والی اس اہم پیش رفت اور فراری کمانڈر نور خان بگٹی کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ واپسی سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور پائیدار استحکام قائم کرنے میں بڑی مدد ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔