اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغان وزارت دفاع نے حسبِ معمول اسپن بولدک کے قریب پاکستانی چوکی تباہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا، افغان وزارت دفاع نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ افغان افواج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان وزارت دفاع کا دعویٰ بالکل غلط اور من گھڑت ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب گلستان سیکٹر میں افغان جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی، طالبان کی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا اور کم ازکم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ اس واقعے کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز کو میڈیا پر نشر کیا جاچکا اور یہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ افغان وزارت دفاع کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش حیران کن نہیں، طالبان ماضی میں بھی جھوٹے دعوے کرتے رہے ہیں۔
اسپن بولدک میں چوکی تباہ کرنے اور جانی نقصان کے حوالے سے افغانستان کا دعویٰ بے بنیاد ہے، پاکستان
