پشتون کلچر ڈے امن، بھائی چارے، باہمی احترام اور رواداری کے فروغ کا پیغام ہے، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان

گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پوری پشتون قوم بالخصوص نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تاریخ سے روشنی، اپنی ثقافت سے شناخت، علم سے طاقت اور اپنے مستقبل سے امید حاصل کریں۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں اپنی ثقافتی جڑوں سے وابستگی اور جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگی ایک دوسرے کی ضد نہ ہوں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل بنیں۔ انسانی تہذیب کا سفر دراصل انسان کی مسلسل تخلیقی، فکری اور سماجی ترقی کی داستان ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پشتون ثقافت بلوچستان کی تہذیبی شناخت کا اہم اور خوبصورت حصہ ہے، پشتون ثقافت میں مہمان نوازی، رواداری، بہادری، بھائی چارہ اور انسان دوستی کی اعلیٰ روایات نمایاں ہیں، بلوچستان مختلف اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے، یہی تنوع صوبے کی اصل خوبصورتی اور قوت ہے۔ پشتون برادری نے بلوچستان کی سماجی، ادبی، سیاسی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، ثقافتی ورثے کا تحفظ نئی نسل کو اپنی تاریخ، اقدار اور شناخت سے جوڑنے کا ذریعہ ہے، تمام ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا احترام اور فروغ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پشتون کلچر ڈے امن، بھائی چارے، باہمی احترام اور رواداری کے فروغ کا پیغام ہے۔