خضدار(این این آئی) خضدار شہر کے مصروف ترین مقام گھوڑا چوک کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث ایک مسافر بس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔عینی شاہدین کے مطابق مسافر بس نمبر GB-4991 خضدار سے کوئٹہ کی جانب جا رہی تھی کہ گھوڑا چوک پر بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔اس المناک حادثے کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار غلام مصطفیٰ ولد اللہ بخش قوم چھٹہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا بھائی غلام نبی شدید زخمی ہوگیا۔دوسری موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی سیف اللہ ولد دہنی بخش سکنہ توتک اور مسمات نہال خاتون زوجہ دہنی بخش بھی اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے فوراً بعد بس ڈرائیور بس کی چابیاں نکال کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بس اور کلینڈر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
خضدار میں بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، خاتون سمیت تین افراد زخمی
