نوشکی میں ہندو تاجر قتل، بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ایمبولینس

نوشکی، کوئٹہ (نامہ نگار، این این آئی) نوشکی کے بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک دکان کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں نوجوان ہندو تاجر راکیش موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور واقعے کے فورا بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرا میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ واقعے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ دریں اثناءڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد اور ڈیرہ بگٹی فائرنگ و دیگر واقعات بچے سمیت چار افراد ہلاک جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سے ڈیرہ اللہ یار جاتے ہوے بھنگر قبیلے کے بزرگ شخص عبداللہ بھنگر اچانک گزشتہ روز پر اسرار طور پر لاپتا ہوگئے تاہم جمعہ کے روز انکی لاش پٹ فیڈر کینال منجھو شوریٰ کے مقام پر برآمد کرلی گئی جن کو ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی گئی جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ادھر اوستہ محمد سیڈ کے مقام پر پانی کے تالاب میں چھ سالہ بچہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ مقامی افراد نے بچے کی لاش پانی سے نکال کر اسپتال منتقل کی جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی گئی۔ اوستہ محمد کے قریب گڑھی خیرو کے علاقے میں دو قبائل کے درمیان مسلح تصادم اور فائرنگ سے دو افراد برکت علی بلیدی اور امام جان بلیدی ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور لاشیں اپنی تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیی جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاءکے حوالے کردی گئیں۔ پولیس نے ورثاءکی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوشش تیز کردیں جبکہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پولیس تھانہ سوئی کی حدود سوناری مٹ میں زرعی اراضیات کے تنازعے پر بگٹی قبیلے کے دو فریقین میں مسلح تصادم اور فائرنگ سے دونوں فریقین کے آٹھ افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو انڈس اسپتال سوئی منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پالیا گیا۔ واقعے کے بارے میں مزید تحقیقات سوئی پولیس کر رہی ہے۔ ایک اور واقعے میں وندر کے علاقے میں ٹرالر کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور ہلاک ہوگیا پولیس کے مطابق گزشتہ روز وندر کے علاقے میں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور حبیب اللہ ہلاک ہوگیا، ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی گئی۔ علاوہ ازیں قلات کے قریب کوئٹہ سے قلات جانے والی مسافر وین ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی، ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت تین افراد زخمی،۔ ذرائع کے مطابق استاد جہانزیب کی مسافر وین کوئٹہ سے قلات جاتے ہوئے ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کے کلینر کوئنگ کے رہائشی شازیب عرف کاکو موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔