سوشل میڈیا پر سیکورٹی تھریٹ سے متعلق زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی ہے، معاون برائے داخلہ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر تھریٹ، سیکورٹی سے متعلق گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی اور بے بنیاد ہے۔ صوبائی حکومت عوام سے اپیل کرتی ہے کہ غیر مصدقہ اور جعلی اطلاعات پر ہرگز کان نہ دھریں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اور سیکورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ عوام کی جان و مال اور امن و امان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر جعلی نوٹیفکیشن اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی حکومت متعدد بار خبردار کرچکی ہے کہ جعلی اطلاعات اور گمراہ کن پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔ جعلی تشہیر، افواہ سازی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ ذمہ دار شہری صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔