کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکہ، 5 افراد شہید، 15 زخمی ہوگئے، ڈی پی او سوات

پشاور (ویب ڈیسک) سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق دھماکا کبل پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب کبل چوک پر اس وقت ہوا، جب وہاں مقامی نوجوانوں کا احتجاج جاری تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر کبل کی جانب سے فراہم کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق واقعے میں 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی پی او سوات محمد عمر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جس کے حوالے سے شبہ ہے کہ یہ مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق خودکش حملہ آور پولیس اسٹیشن کبل میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے حملہ آور کو روک لیا جس پر حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔