الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے 20 اضلاع میں 81 جنرل لوکل کونسلز کی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

کوئٹہ (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق صوبہ بلوچستان کے 20 اضلاع پشین، برشور، چاغی، ژوب، شیرانی، لورالائی، دکی، موسیٰ خیل، سبی، ہرنائی، کوہلو، نصیر آباد، اوستہ محمد، کچھی، جھل مگسی، قلات، خضدار، لسبیلہ، حب، کیچ اور گوادر میں خالی ہونے والی 81 مختلف جنرل لوکل کونسلز کی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق 30 جون 2026ءکو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے اور یکم سے 3 جولائی 2026ءتک متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 6 سے 8 جولائی 2026ءتک ہوگی جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 9 جولائی 2026ءکو شائع ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں اپیلیٹ اتھارٹی کے پاس 10 سے 13 جولائی تک دائرکی جاسکتی ہیں۔ اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 16 جولائی 2026ءمقرر کی گئی ہے جس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 17 جولائی 2026ءکو جاری ہوگی۔ 18 جولائی 2026ءتک امیدوار انتخابی مرحلے سے دستبردار ہوسکتے ہیں جس کے بعد 20 جولائی 2026ءکو امیدواروں کی حتمی انتخابی فہرست جاری کی جائے گی اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق پولنگ 9 اگست 2026ءکو ہوگی۔