گوادر (ویب ڈیسک) گوادر کے علاقے کنٹانی جادو گیٹ سے چار پولیس اہلکار مبینہ طور پر اغوا کرلیے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران وہ لاپتا ہوگئے۔ایس ایس پی گوادر عطاالرحمان ترین کے مطابق مذکورہ پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر تارکین وطن افغان باشندوں کو حراست میں لیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد پولیس اہلکاروں کو سرکاری گاڑی سمیت اپنے ساتھ لے گئے۔ ایس ایس پی گوادر نے سوشل میڈیا پر رشوت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی جیوانی کی نگرانی میں مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی گوادر عطاالرحمان ترین کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے حقائق جاننے اور لاپتا پولیس اہلکاروں کی محفوظ بازیابی کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں۔
گوادر، کنٹانی ہور سے مبینہ طور پر چار پولیس اہلکار گاڑی اور اسلحہ سمیت اغوا، بازیابی کیلئے آپریشن جاری، پولیس حکام
