اسلام آباد(بلوچستان نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے پاکستانی پرچم بردار مزید 20جہازوں کو گزرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روزانہ 2 جہازآبنائے ہرمز عبور کریں گے۔اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو ووٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو پوسٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ایران کا یہ اقدام خوش آئند اور تعمیری ہے، اس کی تعریف ہونی چاہیے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ پیشرفت خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کا پیش خیمہ ہے، یہ مثبت اعلان امن کی جانب ایک اہم قدم ہے جو اجتماعی کوششوں کو مضبوط کریگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات، سفارتکاری اور اعتماد سازی ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
