اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
پشاور (ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ اور سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کیخلاف دائر آئینی درخواستوں کے ساتھ ساتھ معزول وزیرِ اعلیٰ سہیل کان آفریدی کی بازیابی کی درخواست پر وفاقی حکومت، اٹارنی جنرل، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ عدالت عالیہ نے سہیل آفریدی کی حراست سے متعلق حکام سے دو روز میں جواب طلب کرلیا ہے، جبکہ ایمرجنسی اور گورنر راج کیخلاف درخواست پر مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ سہیل آفریدی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کہ سہیل آفریدی اس وقت کہاں موجود ہیں۔ اس پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سہیل آفریدی کو حراست میں لیا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق انہیں شاہی مہمان خانے میں دو ممکنہ مقامات میں سے کسی ایک پر رکھا گیا ہے۔ عدالت نے دلائل سنتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر دو دن کے اندر اپنا باضابطہ جواب جمع کرائیں۔
