جنگل پیرعلیزئی، فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی، کوئٹہ چمن شاہراہ پر احتجاج

جنگل پیرعلیزئی، فائرنگ

ماخذ: یو این اے

جنگل پیرعلیزئی (یو این اے) ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل کیمپ میں فائرنگ سے محمد رمضان ولد فضل الکریم کاکوزئی جاں بحق ہوگئے، جبکہ بجی جنگل بازار میں فائرنگ کے ایک دوسرے واقعے میں ماسٹر داد محمد ولد محمد نبی شدید زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق جنگل کیمپ میں فائرنگ کے نتیجے میں محمد رمضان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے لاش کو ٹراما سینٹر میزئی اڈہ منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول کمانڈر حاجی ملا کاکوزئی کے قریبی ساتھی تھے۔دوسرا واقعہ بجی جنگل بازار میں پیش آیا، جہاں فائرنگ سے کلی مومن پیرعلیزئی کے رہائشی ماسٹر داد محمد شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں ٹراما سینٹر میزئی اڈہ کے ایمرجنسی وارڈ میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے احتجاجا کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ شام گئے تک شاہراہ کی بندش کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔علاقے میں حالیہ دنوں کے دوران فائرنگ، ہدف بنا کر قتل کرنے اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافے پر شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ تاہم دونوں واقعات کے محرکات اور ذمہ داروں کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔