اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افرادکی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 2افراد شہید جبکہ ایک اہلکار سمیت3افرادزخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار نعمان اور خالد شہید جبکہ پولیس اہلکار جنید ،راہ گیر عطا محمد اور حارث زخمی ہوگئے ۔فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی نعشوں اورزخمیوں کوفوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئیں جبکہ پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لیکرملزما ن کی تلاش شروع کردی۔ علاوہ ازیں قلات کے محلہ گوم میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت میر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے لاش ورثا کے حوالے کردی۔ فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور ملزمان کے بارے میں تاحال معلومات سامنے نہیں آئیں۔ ایک اور واقعے میں اوستا محمد زور گڑھ تھانہ کے حدودچھپرانی جمالی کے دو گروپوں میں معمولی بات پر فائر نگ جس کے نتیجے میں عورت سمیت چار افراد شدید زخمی ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر سیول ہسپتال لایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی کی حالت تشویش ہونے پر انہیں لاڑکانہ ریفر کردیا گیا زخمیوں میں سہیل احمد گل حسن، عباس شامل ہیں۔ قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علی زئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ چمن شاہراہ پر جنگل پیر علی زئی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔ دریں اثناءکوئٹہ ایئر پورٹ روڈ پر ٹرین کی زد میں گاڑی آنے سے ڈرائیور زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ایئر پورٹ روڈ پر ٹرین کی زد میں گاڑی آنے اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔ دریں اثناءکوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی سے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا پولیس کے مطابق ہزار گنجی سے ایک شخص کی نعش ملی جس کی شناخت عبدالغفار کے نام سے کی گئی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی جس کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا۔
