دالبندین، سیکورٹی کے باوجود مسلح افراد گاڑیاں لیکر چلتے بنے، مغوی ڈرائیور اور دو کنڈیکٹرز کو چھوڑ دیا

نوشکی (ویب ڈیسک) دالبندین سے نامعلوم مسلح افراد آم سے لوڈ چار مزدا ٹرک لے گئے ، نوشکی ایف سی کے کانوائے میں جانے کے باوجود مسلح افراد چار گاڑیاں ساتھ لے گئے، اس حوالے سے تاجروں کا کہنا تھا کہ کانوائے کے نام پر دو دن تک نوشکی میں گاڑیاں کھڑی رکھی گئیں۔ دو دن میں کانوائے تشکیل دیا گیا، سیکورٹی کے باوجود مسلح افراد گاڑیاں لیکر چلتے بنے۔ علاوہ ازیں گزشتہ رات دالبندین کے علاقے چہتر سے لاپتا ہونے والی کارگو بس کے ڈرائیور اور دو کنڈیکٹرز بحفاظت بازیاب ہو کر واپس چہتر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات این 40 چہتر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کارگو بس کو سامان اور عملے سمیت اغوا کرلیا تھا۔ گزشتہ روز کارگو بس کے ڈرائیور استاد برکت اور ان کے دو کنڈیکٹرز کو چھوڑ دیا گیا، جو بحفاظت چہتر پہنچ گئے۔ تاہم کارگو بس تاحال سامان سمیت لاپتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کارگو بس میں 1200 کاٹن آم اور چاول لدے ہوئے تھے، جو کوئٹہ سے تفتان لے جائے جا رہے تھے۔