دار فور (مانیٹرنگ ڈیسک) سوڈان کے علاقے دارفور میں ایک سول عدالت پر سوڈانی فوج کے ڈرون حملے میں کم از کم 35 افراد ہلاک ہوگئے۔ انسانی حقوق کی مقامی تنظیم کے مطابق اتوار کی سہ پہر ڈرونز نے شمالی دارفور ریاست کے الزاویہ گارا گاﺅں میں سول کورٹ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔ یہ شہری سہولت علاقے میں عدالتی اور سماجی کردار ادا کرتی ہے۔ گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ شہریوں اور شہری اشیاءکے خلاف براہِ راست حملے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تنازعات پر نظر رکھنے والے ایک گروپ آرمڈ کنفلیکٹ لوکیشن اینڈ ایونٹ ڈیٹا کے مطابق سوڈان اپریل 2023 میں نیم فوجی آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کے درمیان مکمل جنگ کا شکار ہوگیا جس میں کم از کم 59,000 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امدادی گروپوں کا خیال ہے کہ یہ تعداد کم ہے اور حقیقی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔
سوڈانی فوج کے سول عدالت پر ڈرون حملے میں 35 سے زائد افراد ہلاک
