سوراب میں مسلح افراد نے ایس پی ہاﺅس پر حملہ کرکے سرکاری گاڑیاں اور رہائشی کمرے جلا دیے، سبی سے لاپتا پولیس اہلکار کی لاش برآمد

کوئٹہ (ویب ڈیسک) سوراب گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے سوراب میں ایس پی ہاو¿س کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سرکاری گاڑیوں اور رہائشی کمروں کو آگ لگا دی گئی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے رات کے وقت ایس پی ہاو¿س پر فائرنگ اور حملہ کیا جس کے دوران عمارت کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا جبکہ وہاں موجود سرکاری گاڑیوں اور چند کمروں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی علاقہ مکینوں کے مطابق رات گئے اچانک دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے لگیں جو وقفے وقفے سے کافی دیر تک جاری رہیں، جس کے باعث شہری خوف کے عالم میں گھروں سے جاگ اٹھے واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی* *فورسز اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں مزید تفصیلات حکام کی جانب سے جاری ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔ علاوہ ازیں سبی ایئرپورٹ روڈ کے قریب پولیس اہلکار کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت ابتدائی طور پر اے ایس آئی نہال خان ابڑو کے نام سے ہوئی جو کچھی پولیس کے ملازم تھے۔ ذرائع کے مطابق نہال خان ابڑو تین روز قبل ڈھاڈر سے سبی جا رہے تھے تاہم راستے میں ڈھاڈر اور سبی کے درمیان ان کا موبائل فون بند ہوگیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے اہل خانہ اور رشتہ داروں کی جانب سے انہیں تلاش کیا جا رہا تھا جبکہ تین روز بعد سبی ایئرپورٹ روڈ کے علاقے سے ایک لاش ملی جس کی شناخت نہال خان ابڑو کے طور پر کی گئی ہے واقع کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے واقعے کی وجوہات اور موت کے محرکات جاننے کے لیے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔