کوئٹہ(بلوچستان نیوز)وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز بگٹی نے کوئلہ پھاٹک تا چمن پھاٹک بلیک ٹاپ روڈ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق 1.02 کلومیٹر طویل یہ سڑک محض 76 دنوں میں مکمل کی گئی، جو صوبائی حکومت کی تیز رفتار منصوبہ بندی اور مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 33 کروڑ 83 لاکھ 60 ہزار روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تاہم اسے 30 کروڑ 86 لاکھ 30 ہزار روپے میں مکمل کیا گیا، جس سے 2 کروڑ 97 لاکھ 30 ہزار روپے کی بچت بھی حاصل ہوئی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے منصوبے میں ہونے والی بچت کو شفافیت اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں اہم شاہراہ کی تکمیل حکومت کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ ایئرپورٹ روڈ، شہباز ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور دیگر ملحقہ علاقوں کے ہزاروں شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی۔میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کو معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
