کوئٹہ:گوادر کرکٹ اکیڈمی نے یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کو 68 رنز سے شکست دیکر کراچی ٹور میں مسلسل پانچویں کامیابی اپنے نام کر لی۔شاندار بیٹنگ پر یوسف ولی کو مین آف دی میچ اور بہترین بالنگ پر فرہاد موسی کو بیسٹ بالرکا ایوارڈ دیا گیا۔ وننگ ٹرافی گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کپتان فاروق سلیمان نے حاصل کی۔سابق ٹیسٹ ایمپائر سلیم بدر اور ہدایت اللہ سومرو نے انعامات تقسیم کیے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کپتان فاروق سلیمان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنزبنائے۔گوادر کے ابھرتے ہوئے اسٹار بیٹسمین یوسف ولی نے گرانڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے 53 رنز کی شانداراننگز کھیلی، شے مرید 19 رنز، یحیی نذیر16 رنز، سہیل فقیر14 رنزبنا کر نمایاں بیٹر رہے۔میزبان ٹیم کی جانب سے دانش نے 3 جبکہ عبداللہ نے 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا، طلحہ اور حضیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کی پوری ٹیم 18اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نذیر 36 رنز، اکرم 12رنزاور عبداللہ 7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔نوجوان میڈیم فاسٹ بولر فرہاد موسی 3 اور طفیل قادر نے 2کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔جبکہ منیر، سلام اور بلاچ وحید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔گوادر کرکٹ اکیڈمی نے یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کو 68 رنز سے شکست دیکر ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ گوادر کی سرزمین بے پناہ ٹیلنٹ سے مالا مال ہے۔میچ کے اختتام پر گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدرحاجی حنیف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کراچی ٹور کا سارا کریڈٹ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کو دیتا ہوں کیونکہ ان کے تعاون کے بغیر گوادر کرکٹ اکیڈمی کا یہ دورہ ممکن نہیں تھا گوادر کرکٹ اکیڈمی کی انتظامیہ کوسٹل کمانڈگوادر کا دل کی اتھا گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہے،انشااللہ گوادر کرکٹ اور پاکستان نیوی کی دوستی مزید گہری ہوگی اور اس کے مثبت اثرات پورے علاقے میں پھیل جائیں گے۔تقریب کے اختتام پرمہان خصوصی سابق ٹیسٹ ایمپائر سلیم بدر نے گوادر کرکٹ اکیڈمی کے یادگاری آٹوگراف بیٹ پر دستخط کیے۔
گوادر کرکٹ اکیڈمی نے یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کو 68 رنز سے ہرا دیا
