ماخذ: یو این اے
نوشکی(یو این اے) نوشکی میں فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان جہانزیب بڑیچ کی میت مبینہ طور پر کلی غریب آباد قبرستان سے مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ جنازے میں شریک کم از کم تین افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق نوشکی بازار میں فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان کی تدفین کے موقع پر مسلح افراد قبرستان پہنچے اور مبینہ طور پر میت اپنے قبضے میں لے کر ساتھ لے گئے۔ پولیس ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے کسی نے باقاعدہ رپورٹ درج نہیں کرائی، تاہم پولیس کو بھی ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ آج نوشکی بازار کی گوشت مارکیٹ میں دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان جہانزیب بڑیچ کو قتل کردیا تھا۔ واقعے کے موقع پر موجود افراد نے دونوں حملہ آوروں کو قابو کرکے چھریوں کے وار سے زخمی کیا، بعدازاں انہیں دوسری گلی میں لے جاکر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔قتل ہونے والے دونوں افراد کی شناخت الطاف ولد محمد عظیم اور زبیر ولد عابد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔واقعے میں تینوں افراد کے قتل کی وجوہات کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود سامنے نہیں آسکیں، جبکہ مقتول کی میت مبینہ طور پر قبرستان سے لے جانے اور جنازے میں شریک افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے تاحال ان اطلاعات کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
