امریکی صدر ٹرمپ نے ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا

نیٹلی بیکر پاکستان میں سفیر نامزد

اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ نے ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا۔ وائٹ ہاﺅس کے مطابق امریکی صدر نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کی نئی سفیر نامزد کیا ہے جس کے بعد نیٹلی بیکر کی نامزدگی منظوری کے لیے سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے اور سینیٹ کی منظوری کے بعد وہ سفیر مقرر ہوجائیں گی۔ واضح رہے کہ نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ اس وقت پاکستان میں بطور امریکی ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔ نیٹلی بیکر اس سے قبل امریکی سفارتخانہ دوحہ، قطر میں ڈپٹی چیف آف مشن بھی تعینات رہیں۔ نیٹلی نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نیٹلی بیکر امریکا کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی مایہ ناز گریجویٹ ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی صدر نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال اور ایان میک کیری کو مالی میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔