ماخذ: یو این اے
تربت/ کیچ، کوئٹہ (یو این اے، این این آئی) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے عناصر کے خلاف پیش قدمی کرتے ہوئے ضلع کیچ کے علاقے میناز میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن انجام دیا ہے، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بولیدہ کے علاقے میناز میں دہشت گردوں نے ناکہ بندی کے دوران دو خواتین کو اپنے ہمراہ زبردستی لے جانے(اغوا کرنے)کی ناکام کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے فوری اور موثر اقدام کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پیچھا کیا۔ تعاقب کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر روپوش دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور علاقے کو پاک کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میناز، بلیدہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنا سیکورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سیکورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکورٹی فورسز کی خدمات قابل تحسین ہیں، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی، بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاستی عزم غیر متزلزل رہے گا۔
