قلعہ سیف اللہ میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن دہشتگرد کمانڈر ہلاک، نوشکی میں قبائلی شخصیت کے گھر پر راکٹ حملہ

قلعہ سیف اللہ دہشتگرد کمانڈر ہلاک

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ، نوشکی (یو این اے) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کردیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا، جبکہ 2024 سے وہ تنظیم کے مالی معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق عادل شاہ غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں رہائش فراہم کرنے میں مدد کرتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ 2022 اور 2023 سے سیکورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا۔ سیکورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ہلاک کمانڈر کیخلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 مقدمات درج تھے، جبکہ اس کی گرفتاری میں مدد دینے یا اسے پکڑنے سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 25 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ دریں اثناءضلع نوشکی کے علاقے غریب آباد حمید کالونی میں ایک سرکردہ قبائلی رہنما کے گھر پر نامعلوم سمت سے داغا گیا، راکٹ کا گولہ جا گرا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک راکٹ کا گولہ غریب آباد حمید کالونی میں واقع قبائلی رہنما کے گھر کے مہمان خانے پر آگرا۔ دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم واقعے کے وقت مہمان خانے میں کسی فرد کی عدم موجودگی یا بروقت بچا کے باعث کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور مالی نقصانات کا جائزہ لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت، شواہد اور راکٹ داغنے کے محرکات سے متعلق مزید تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔