اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
راولپنڈی (ویب ڈیسک) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو پنجپائی میں دہشتگردوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش فورسز نے ناکام بنادی، فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید2 دہشتگرد ہلاک ہوئے، کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا، خضدار آپریشن کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
