ماخذ: آئی این پی
لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے لئے میری خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے کیونکہ میں نے ہوائی قلعے نہیں بنائے بلکہ مستحقین کے لیے اپنی چھت کے خواب پورے کئے ۔لاہور میں سندھ کے انتظامی سروس کے افسران سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ملک نے ہمیں عزت ، پہچان دی ، ہم اس ملک کے احسان مند ہیں، انتظامی سروس کے افسران ہمارے لئے قابل فخر ہیں، روز کی بنیاد پر افسران کے ساتھ مل کر ٹیم کی صورت میں کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت اعلی کا منصب گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں، میری ترجیحات صرف اور صرف عوامی خدمت کے کام ہیں، چیلنجز کے باوجود روز جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کےلئے گھر سے نکلتے ہیں، اپنے روزمرہ کے کاموں میں ایک منٹ بھی عوامی خدمت سے دور نہیں رہتی، ہر روز عوام کی فلاح اور بھلائی کےلئے فیصلے جاتے ہیں، آفس آنا، حاضری لگانا اور مشکل کام چھوڑ کر آسان کام پر دستخط کر دینا نوکری نہیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ میری اپنی کابینہ میں ایسے وزیر ہیں جو لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں، سرکاری مسند پربیٹھنے والے کو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی کرنا پڑتی ہے، پنجاب کے حکومتی امور نمٹانے میں مجھے کبھی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے لئے میری خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے، میں نے ہوائی قلعے نہیں بنائے، مستحقین کے لئے اپنی چھت کے خواب پورے کیے، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کو کامیاب بنانے کے لئے باقاعدہ چیک اینڈ بیلنس رکھا گیا ہے، گھر بنانے کے لیے قرضے کی اقساط مرحلہ وار دی جاتی ہیں، ہر مرحلے پر گھر کی تعمیر کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے، میں نے آج تک کوئی بھی افسر سفارش پر نہیں لگوایا، ہر جگہ میرٹ کا خیال رکھا۔
